ملتان: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ اور رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک و قوم کی معاشی حالت کو بدلیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں بہت بڑی ذمہ داری دی گئی ہے، ہم تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر مشکل وقت کا سامنا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے بھی صحافیوں کیلئے کام کیا اب بھی کریں گے، میں خود بھی صحافی ہوں، اصلاحات لانی پڑیں گی تاکہ تمام سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر ہوں، ضمنی الیکشن پہلے بھی لڑتے رہے اب بھی لڑرہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر مظلوم فلسطینیوں کا ضرور خیال رکھیں، فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانی چاہئیں۔
چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو پیغام ہے مل کر ملک و قوم کی معاشی حالت کو بدلیں، غریب عوام کو ریلیف دیں تاکہ عام شہری سمجھے کہ ریلیف مل رہا ہے، دشمن ہمارے جوانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔