کمشنر اور ڈپٹی کمشنر لاہور کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کا جائزہ لیا

Published On 10 April,2024 08:26 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی حکومت اور پولیس لاہوریوں کو صاف اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

عیدالفطر پر کمشنر لاہور عملے کی حوصلہ افزائی کے لئے فیلڈ میں متحرک رہے، کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، عید کے ایام میں ڈیوٹی دینے والے سرکاری اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، کمشنرلاہور نے ٹریفک وارڈنز اور صفائی ورکرز کو تحفے میں مٹھائی پیش کی، انہوں نے سکیورٹی و صفائی ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو عیدی بھی دی۔

ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے بھی لبرٹی گول چکر اور ملحقہ علاقوں میں صفائی کا معائنہ کیا، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن صاحبزادہ یوسف اور ڈپٹی سی ای او آپریشنز ایل ڈبلیو ایم سی محمد اورنگزیب نے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر نے ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز میں مٹھائی اور عیدی تقسیم کی۔

رافعہ حیدر نے کہا کہ عیدالفطر کے تین دنوں میں تین شفٹوں میں صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز سید علی ناصر رضوی نے بھی مختلف علاقوں کا دورہ کیا، بادشاہی مسجد، داتا دربار، گلبرگ سمیت دیگر علاقوں کا وزٹ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی اورعید کی مبارک باد دی۔