لاہور: گھر میں آگ لگنے سے بچی سمیت 2 افراد جھلس کر زخمی

Published On 09 April,2024 07:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں واقع گھر میں آگ لگنے سے بچی سمیت 2 افراد بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ لاہور کے علاقے میکلور روڈ پر واقع گھر میں پیش آیا جہاں کھانا بنانے کے دوران گھر میں اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بالائی منزل کو لپیٹ میں لے لیا، آگ کی زد میں آ کر بچی سمیت 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا، آگ کی شدت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے 6 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، زخمی ہونے والوں میں 54 سالہ اکبر حسین اور 13 سالہ ملائیکہ شامل ہیں، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔