کوئٹہ: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بہت جلد رہا ہوں گے، یہ حکوتیں ختم ہوں گی۔
کوئٹہ میں پریس بریفنگ کے دوران عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں جلسے کریں گے، ہماری تحریک حکومت کو پاش پاش کردے گی، فارم 47 پر بننے والی حکومتیں ریت کے پہاڑ ہیں، یہ حکوتیں ختم ہوں گی، آنے والی حکومت پی ٹی آئی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سویلین کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں نہیں ہونا چاہیے، ملٹری کورٹس میں ہمارے 106 قیدی ہیں، فارم 47 پر بننے والی حکومت بیساکھیوں پر کھڑی ہے، شریف خاندان قیدی نمبر804 سے خوفزدہ ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عوام میں شعور بیدار کیا، آئین اور قانون کی بالادستی کیلئے تحریک کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے، سخت حالات میں پارٹی سنبھالنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے شریف خلجی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، شریف خلجی کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتے ہیں، شریف خلجی ایک بہادر شخص ہیں جو پی ٹی آئی کے نظریے کیلئے یہاں آئے، آئین اور قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کرینگے۔
اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں کل دو تاریخی جلسے ہوئے، بلوچستان حکومت نے جلسے روکنے کی کوشش کی لیکن ریکارڈ عوام آئی، یہ وہ وقت ہے جب لوگ مراعات دیکھ رہے ہیں، ججز پر دباؤ ڈالنے کی مذمت کرتے ہیں۔