کراچی: (دنیا نیوز) ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی ویڈیوز کو گمراہ کن قرار دے دیا۔
ترجمان اے ایس ایف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر دو پُرانی ویڈیوز ایک مُنظّم سازش کے تحت گُمراہی اور اشتعال پھیلانے کی خاطر جان بوجھ کر بار بار وائرل کی جا رہی ہیں جس میں ایک واقعہ میں بچی سے اے ایس ایف اہلکار کا غیر شائستہ رویّہ ہے اور دوسرا واقعہ 2019ء میں ایک اہلکار کی مُشتعِل ہُجوم کے ساتھ ہاتھا پائی کا ہے۔
اے ایس ایف کے مطابق دونوں پرانی ویڈیوز ہیں جس کے ذمہ داران کیخلاف سخت محکمانہ تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا چکی اور قانون کے مطابق کڑی سزا دی جا چُکی ہے اور الگ الگ واقعات میں ملوث ملازمین کو کورٹ مارشل کر کے سروس سے برخاست کیا جا چُکا ہے۔
ترجمان اے ایس ایف نے مزید کہا ہے کہ ویڈیوز کو مُلک دُشمن عناصرِ بدنیّتی سے اِداروں اور افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی غرض سے بار بار پھیلا رہے ہیں، اے ایس ایف پاکستان آرمی ایکٹ کے تابع منظم فورس ہے، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس میں افواج پاکستان کی طرز پر احتساب کا بلا تخصیص کڑا نِظام رائج ہے جس سے کوئی بھی کسی بھی طور بالا تر نہیں۔
اے ایس ایف کے مطابق ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کسی بھی اہلکار کے کسی بھی نامناسب رویے کے خلاف عدم برادشت کے رویے کی پالیسی پر سختی سےعمل پیرا ہے، ایئر پورٹس سکیورٹی فورس مُلکی خدمت کیلئے مثالی کارکردگی سرانجام دے رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی پر ملوث افراد کو مثالی اور قرار واقعی سزا دیتے ہیں۔