لاہور: (دنیانیوز) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عوامی ریلیف میں حائل کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیراطلاعات عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہر دور میں ایئرایمبولینس کاکہا گیا مگر کوئی نہیں لایا،مریم نواز کو وزارت اعلیٰ سنبھالے ڈیڑھ ماہ ہوا ہے، مریم نواز بطور وزیراعلیٰ کام کے حوالے سے سب کو پیچھے چھوڑ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ایئر ایمبولینس کا پہلا جہاز پاکستان پہنچ گیا ہے، ایئر ایمبولنس چھوٹی جگہ پر لینڈ کر سکتی ہے، اس کو اترنے کیلئے رن وے کی ضرورت نہیں، یہ سہولت عوام کیلئے مفت ہوگی، تین ایئر ایمبولینسز اور 2 ہیلی کاپٹر ز ریسکیوکیلئے استعمال ہوں گے، ایئر ایمبولینس کیلئے مشقیں کروائی جارہی ہیں۔
نان ، روٹی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سستی روٹی بھی شہبازشریف صاحب کا ایک اقدام تھا، اب مریم نواز نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، روٹی اور نان کی قیمت میں کمی باقاعدہ ہوم ورک کے بعد کی گئی ہے، جو بازار سے روٹی اور نان خریدتے ہیں ان کو بھی فائدہ ہونا چاہئے۔
رہنمامسلم لیگ ن نے کہا کہ 20کلو آٹے کی قیمت میں 500روپے کمی ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں آٹے کی قیمت میں مزید کمی آئے گی، جو مافیاز عوام کے ریلیف میں حائل ہوں گے ان کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نانبائی ایسوسی ایشن کا مؤقف مسترد کرتے ہیں، نان بائی ایسوسی ایشن سے درخواست ہے حکومت کسی کے ساتھ سختی نہیں کرنا چاہتی، عام آدمی کے ریلیف میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 100گرام کی روٹی کی قیمت 16روپے مقرر کی گئی ہے، نان 20روپے میں دیا جائے گا، نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی کا جو حکم جاری کیا گیا ہے اس پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔