اسلام آباد: (دنیا نیوز) خوراک میں مبینہ زہر دینے کے خدشہ کے باعث بشریٰ بی بی کے شوکت خانم یا مرضی کے پرائیویٹ ہسپتال سے طبی معائنہ کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لئے مقرر ہوگئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب درخواست پر منگل کو سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے اعتراضات کے ساتھ بشریٰ بی بی کی درخواست سماعت کے لئے مقرر کی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ اور عدت میں نکاح کیس میں گھسیٹا گیا، بشریٰ بی بی بنی گالہ سب جیل میں قید ہیں، بنی گالہ سب جیل بشریٰ بی بی کی زندگی کے لئے سنگین خطرہ بن چکی ہے، بشریٰ بی بی کو کھانے میں زہر ملا کر دیا گیا۔
درخواست میں مزید کہا گیا بشریٰ بی بی کو جسمانی، ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، بشریٰ بی بی کے کمرے میں آڈیو بگز اور خفیہ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو ان کی پرائیویسی کیخلاف ہے، عدالت بشریٰ بی بی کا شوکت خانم یا کسی اور نجی ادارے کے ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرانے کے احکامات دے۔
درخواست میں سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل خانہ جات پنجاب، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔