لاہور : (دنیانیوز) لاہور ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٹی) کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان نے دائر درخواست پر سماعت کی ، درخواست تحریک انصاف لائرز فورم کے صدر افضال عظیم کی جانب سے دائر کی گئی۔
وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ایسی ہی ایک درخواست بشری بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے، ہم وقتی طور پر یہ درخواست واپس لے رہے ہیں۔
درخواست گزار نے کہاکہ جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے باعث بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتوں پر پابندی لگا رکھی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو جیل میں خطرہ ہے عدالت سے استدعا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی زندگی کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم دیا جائے ۔
بعدازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں سکیورٹی کی فراہمی سے متعلق پی ٹی آئی لائرز فورم کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور میں بانی تحریک انصاف (پی آئی ٹی) کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحٰق نے عدالت کو سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا تھا۔