لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مختلف اضلاع کے ارکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، جس میں عوامی مسائل، ضروریات اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ارکان اسمبلی نے مختصر وقت میں متعدد عوام دوست منصوبے شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز توقعات سے بڑھ کر تیزرفتاری سے کام کر رہی ہیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ارکان صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی اپنے حلقے میں سرکاری نرخ پر روٹی اور نان کی فروخت کی مانیٹرنگ کریں، صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو6 ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 100 فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی، صوبے میں 600 سڑکوں کی تعمیر و مرمت ہوگی، 5 ایکسپریس وے اور 3 موٹر ویز بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ طلبا کیلئے 20 ہزار موٹر بائیکس کی فراہمی کا پروگرام شروع کیا ہے۔
ملاقات کرنے والوں میں ارکان صوبائی اسمبلی زاہد اکرم، محمد اجمل خان، محمد کاشف، آغا علی حیدر شامل تھے، اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید، معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے۔