کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالے بپھر گئے جبکہ گوادر اور مکران کا کراچی سے رابطہ منقطع ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں 24گھنٹوں کے دوران گوادر میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اورماڑہ میں77، پسنی میں 66، جیوانی میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
گوادر، پسنی، نوشکی، نوکنڈی اور بارکھان میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں، کوئیک رسپانس ٹیمیں اور سول انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، سیلابی صورتحال کے باعث فصلوں اور باغات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیلاب کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر بسول ندی کا پُل ٹوٹ گیا جس کے باعث ہائی وے 2 مقامات سے بند ہوگئی، گوادر اور مکران کا کراچی سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا، اورماڑہ کے دیہی علاقوں میں بھی سیلابی صورتحال ہے، قلات، مستونگ، نوشکی اور ژوب میں بھی نشیبی علاقے ڈوب گئے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، ساحلی علاقوں سے شدید بارش کی رپورٹ آ رہی ہے، بلوچستان سے سسٹم پنجاب اور خیبرپختونخوا میں داخل ہو رہا ہے جس کے باعث پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں موجود ہے جبکہ کوئٹہ اور گردونواح میں آج بھی مطلع ابر آلود ہے، چند مقامات پر جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔