اسلام آباد: (دنیا نیوز) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے صدر مسلم لیگ ق چودھری شجاعت حسین سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، اس موقع پر پنجاب کے صوبائی وزیر شافع حسین بھی موجود تھے۔
گورنر گلگت بلتستان نے چودھری شجاعت حسین سے ان کی طبیعت دریافت کی اور گلگت بلتستان آنے کی دعوت دی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
گورنر گلگت بلتستان نے قومی اسمبلی، سینیٹ سمیت اہم پلیٹ فارمز پر گلگت بلتستان کی نمائندگی اور آئینی حقوق کے معاملے پر مسلم لیگ ق کے صدر و ممبران کی گلگت بلتستان کے ساتھ مکمل حمایت رکھنے پر زور دیا۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن سے مالا مال ہے، سیاحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے مسلم لیگ ق اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گی، مسلم لیگ ق سے وابستہ وزراء، اسمبلی ممبران و سینیٹرز گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کے لئے ہر فورم پر بھرپور ترجمانی کریں گے، گلگت بلتستان کی تعلیم، صحت کے شعبے میں ترقی کے لئے اپنا کردار کریں گے۔
شافع حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت گلگت بلتستان کو بھرپور تعاون فراہم کرے گی، جی بی کی صنعتی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائیں گے، مسلم لیگ ق گلگت بلتستان کی فلاح و بہبود کے لئے بھی بڑھ چڑھ کر کام کرے گی۔
شافع حسین نے مزید کہا کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی وزارت کے ذریعے بھی گلگت بلتستان کو ترجیح دی جائے گی۔