کوئٹہ: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم اے بلوچستان نے بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کے تیسرے سپیل کے دوران مجموعی طورپر 21 افراد جاں بحق جبکہ 14 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں 7 مرد، 7 خواتین اور 6 بچے جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 4 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: طوفانی بارشیں، ژالہ باری، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا
رپورٹ کے مطابق بارشوں سے سب سے زیادہ جانی نقصان چمن میں ہوا، چمن میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو چکے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارشوں کے باعث 251 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے، 1910 گھروں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے، بارشوں کے باعث 3 پل اور 14 سڑکیں بھی سیلابی ریلوں کی نظر ہو چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ موسلادھار بارشوں سے 115 جانور بھی ہلاک ہوئے، سیلابی ریلوں کی وجہ سے 62 ایکڑ پر پھیلی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا۔