کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ صدر مملکت سے ملاقات میں ہم نے بتایا کہ جرائم کی شرح بڑھ رہی ہے، گورنر سندھ سے ملاقات میں بھی یہی بات کی۔
ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی ترقی کیلئے ساری جماعتوں کو سرجوڑ کر بیٹھنا ہو گا، سندھ میں دو بڑی لسانی اکائیاں ہیں انہیں آپس میں جوڑنا ہے، سندھ کے استحکام کیلئے صوبے کی دو جماعتوں کو ملنا پڑے گا، سٹریٹ کرائم کے دوران نوجوانوں کو قتل کیا گیا، ہمیں ایسا لگتا تھا کہ انتظامیہ پوری طرح سے قتل عام نہیں روک پائی، ہم ہر سطح پر اس بات کو پہنچا رہے ہیں۔
ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے مزید کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے ساتھ جرائم کا لاوا پک رہا ہے، سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کیلئے رینجرز کو کردار دینا ہو گا، جاں بحق ہونے والوں کی داد رسی بھی نہیں ہو رہی، ہم نے ان تمام باتوں پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے، ایپکس کمیٹی کا اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا کرتے تھے، گورنر سندھ کا نقطہ نظر بھی ایپکس کمیٹی میں شامل ہونا چاہیے۔