مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں مہنگی بجلی کیخلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا، احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان متعدد مقامات پر جھڑپیں ہوئی اور فائرنگ سے سب انسپکٹر شہید 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔
آزاد کشمیر میں مہنگی بجلی کیخلاف ریاست گیر پہیہ جام ہڑتال کا آج دوسرا روز ہے، عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک اس وقت پُرتشدد رُخ اختیار کر چکی ہے۔
میرپور میں مظاہرہ خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور فائرنگ کی، گولی لگنے سے سب انسپکٹر عدنان قریشی شہید، 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مظاہرین نے متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی۔
مظفر آباد میں بھی پولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا، تانگہ سٹینڈ میں حالات کشیدہ ہو گئے، شہر شہر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جس سے 25 سے زائد اہلکار زخمی ہو گئے۔
پولیس نے 100 کے قریب مظاہرین کو گرفتار کر لیا، جھڑپ کے دوران ٹاہلی منڈی میں نوجوان دریائے نیلم میں گر گیا جس کی تلاش جاری ہے۔