ملتان: (دنیا نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ میں ایک عوامی گورنر ہوں، ہر سیاسی جماعت کے رہنما کے پاس خود چل کر جاؤں گا۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میں پارٹی کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمیں اپنا مقدمہ اپنے فورم پر لڑنا چاہیے، میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو کھانے کی دعوت دیتا ہوں، میں سب کو عزت دیتا ہوں۔
گورنر کے پی کے نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا گیا لیکن خیبرپختونخوا میں تو مینڈیٹ سنی اتحاد کونسل کو ملا ہے، اس لیے سنی اتحاد کونسل مولانا کے تحفظات دور کرے۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ملنا ہو گا، آپ لفظی جنگ کا خواب پورا کریں لیکن وہاں کی عوام کو ڈیلیور کریں گے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے جس سے اچھائی کریں اس کے شر سے بچیں لیکن ہم اپنے مہمان کا ہمیشہ ساتھ دیں گے، گالم گلوچ کی سیاست کا ابھی وقت نہیں، ابھی عوام کی خدمت کا وقت ہے، ہمیں ان کی خدمت کرنی ہے۔