اسلام آباد: (دنیانیوز) احتساب عدالت نے اڈیالہ جیل میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں جیل حکام کی استدعا منظورکرتے ہوئے سماعت 17 مئی تک ملتوی کردی ۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے آج اڈیالہ جیل میں سماعت کرنا تھی ، جیل حکام نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے احتساب عدالت اسلام آباد کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ اڈیالہ جیل صوبہ کی حساس ترین جیل جہاں اہم سیاسی شخصیات قید ہیں، احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف آج اڈیالہ جیل میں سماعت مقرر کررکھی ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث سماعت ملتوی کی جائے۔
جیل حکام کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ حکومت پنجاب سے موصول رپورٹ کے مطابق میانوالی،ڈیزہ غازی خان،راولپنڈی اور اٹک جیل کو سکیورٹی تھریٹس ہیں۔
بعدازاں احتساب عدالت نے جیل حکام کی درخواست منظور کرتے ہوئے 190 ملین پاونڈ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے 17 مئی تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فرضی مشقوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔