بانی پی ٹی آئی کی 6 اور بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت پرسماعت 20 مئی تک ملتوی

Published On 16 May,2024 09:26 am

اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی 6 اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی ایک درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر سماعت 20 مئی تک ملتوی کردی۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجھوکا نے کیس کی سماعت کی ، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے خالد یوسف چوہدری اور سردار مصروف ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

جج افضل مجھوکا نے ریمارکس دیئے کہ اب تو حاضری سے استثنیٰ دے کر بھی درخواست ضمانت کا فیصلہ دیا جا سکتا ہے، جس پر وکیل خالد یوسف چودھری نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں ایسے ضمانت کے فیصلے ہوئے ہیں جن میں ہماری ضمانتیں منظور ہوئی ہیں، ہم دلائل کے لئے تیار ہیں بس بانی ہی ٹی آئی کو پیش نہیں کیا گیا وہ حاضری کا ایشو رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ وقت مقرر کردیں ہم دلائل دینا چاہتے ہیں ،عدالت نے کیس کی سماعت دلائل کیلئے  20 مئی تک ملتوی کردی۔