حالات جمہوریت کیلئے سازگار نہیں، ایک عرصہ سے سافٹ مارشل لاء نافذ ہے: ایمل ولی خان

Published On 16 May,2024 04:59 pm

پشاور: (دنیا نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرایمل ولی خان نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدرایمل ولی خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ہر بیٹے نے اپنے باپ کو ری پلیس کرنا ہوتا ہے، اسفندیار ولی خان خطے کیلئے لیونگ لیجنڈ ہیں، حیات شیرپاؤ کیس میں میرے والد کو 26 سال کی عمر میں جیل میں ڈالا گیا۔

ایمل ولی خان نے کہاکہ مشکل حالات کے باوجود جمہوریت کو مضبوط بنائیں گے، پاکستان میں بہت سارے طبقات کو ہماری شناخت قبول نہیں تھی، خیبرپختونخوا کا نام اسفندیار ولی کے مرہون منت ہے، باچا خان نہ ہوتے تو آج بھی انگریز حکمران ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی خواہش تھی کہ پارٹی سنبھالوں، ملکی حالات جمہوریت کیلئے سازگار نہیں ہیں، ایک عرصے سے ملک پر سافٹ مارشل لاء نافذ ہے۔