کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں بجلی کی طویل بندش پر شہریوں کا صبر جواب دے گیا، لائنز ایریا کے مکینوں نے سڑک پر نکل کر شدید احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں 8 گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بند رہی جس پر شہری گھروں سے نکل آئے اور احتجاج شروع کر دیا، مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف نعرے بازی کی، احتجاج کی وجہ سے نیو ایم اے جناح روڈ، خداداد کالونی کوریڈور کئی گھنٹے بند رہی۔
احتجاج کی وجہ سے صدر اور اس کے اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے مسافروں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرنے کی کئی بار کوشش کی گئی لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
بعد ازاں پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کر کے ٹریفک بحال کرائی، اس دوران پولیس کو مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا، مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے لائنز ایریا میں طویل لوڈشیڈنگ کی ترید کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائنز ایریا میں عدم ادائیگیوں کے باعث بجلی منقطع کی گئی ہے۔