سپریم کورٹ میں 3 ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب

Published On 21 May,2024 03:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں تین ججز کی تقرری کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 7 جون کو طلب کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 7 جون کو ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں سپریم کورٹ کے ججز کی تقرریوں کیلئے 9 ججوں کے ناموں پر غور کیا جائے گا، سپریم کورٹ کے ججز کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے 6 اور سندھ ہائیکورٹ کے 3 ججز کے نام زیر غور آئیں گے۔

سپریم کورٹ میں تقرری کیلئے ججوں میں لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ملک شہزاد احمد کے علاوہ سینئر 6 ججز جسٹس عالیہ نیلم، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی، جسٹس شاہد بلال اور جسٹس عابد عزیز شیخ کے نام شامل ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عقیل عباسی کے نام پر بھی سپریم کورٹ میں تقرری کیلئے غور کیا جائے گا، اس کے علاوہ سندھ ہائیکورٹ سے جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس نعمت اللہ پلپوٹو کا نام سپریم کورٹ میں تقرری کیلئے نامزد ججوں میں شامل ہے۔