کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کرغزستان حکومت واقعہ کی تحقیقات کرائے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی آمد پر تمام طلبا کو ہم نے وصول کیا، چاردن پہلے والدین نے امید کی گھنٹی بجائی، میں نے ان سے بات کی، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم سے اس حوالے سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے بات کرکے جہاز کا انتظام کرایا، ابھی تک 2 فلائٹس کراچی آچکی ہیں، کرغزستان سے 2 پروازیں کراچی پہنچ چکی ہیں، صرف کراچی، سندھ کے لوگوں کی واپسی پر اطمینان سے نہیں بیٹھیں گے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ طلبہ کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں، حکومت سندھ نے رابطہ کرکے چارٹرڈ طیارے کا انتظام کروایا، انہوں نے کہا کہ تحقیقات کرکے ان وجوہات کا پتہ چلایا جائے جن کے باعث طلبہ کا سال متاثرہوا۔
گورنرسندھ نے مزید کہا کہ طلبہ ایم بی بی ایس مکمل کرکے ڈاکٹر بننے جا رہے تھے، طلبہ اپنی پڑھائی چھوڑ کر واپس آرہے ہیں، طلبہ کی واپسی کیلئے گورنر ہاؤس میں سیل قائم کیا گیا تھا، تمام بچوں کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، کرغزستان حکومت سے پوچھنا چاہئے ایسا کیوں ہوا؟