کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ایم کیو ایم نے کراچی کے لیے 20 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کی درخواست کی ہے، ایم کیوایم نے حیدرآباد کے لیے بھی 10 ارب روپے کے خصوصی ترقیاتی پیکیج کا مطالبہ کیا ہے، وفاقی حکومت نے ایم کیوایم کے مطالبے پر عمل کا عندیہ دیدیا ہے۔
ملاقات کے دوران سکھر، نوابشاہ میر پور خاص کے لیے 2، 2 ارب روپے کی ترقیاتی سکیمز بھی وفاق سے مانگی گئی ہیں، ایم کیوایم نے گزشتہ روز وزیراعظم سے ملاقات میں مطالبات کی فہرست پیش کی تھی۔
ایم کیو ایم کا موقف ہے کہ وفاق کی اتحادی جماعتوں کی صوبوں میں حکومتیں ہیں، ایم کیو ایم کے ووٹرز اور شہری حلقوں کے لئے ہمیں اُمید صرف وفاقی حکومت سے ہے۔
ایم کیو ایم وفد نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد ترقیاتی پیکیج کے تحت انفراسٹرکچر کی سکیمز تجویز کی گئی ہیں، ایم کیو ایم کے مطالبے پر وزیراعظم نے کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے تکنیکی رکاوٹ دور کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔