والدین کی محبت کو ہر دن خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 01 June,2024 11:07 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ والدین کی محبت کو سال کے 365 دن خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "والدین کے عالمی دن" پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج والدین کی بے لوث محبت اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، والدین کی محبت کو سال کے 365 دن خراج تحسین پیش کیا جانا چاہیے، بیٹی اور ماں کی حیثیت سے والدین کے پیار و محبت اور رہنمائی کی ضرورت کا بخوبی احساس ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ذمہ دار شہری بنانے کے لیے والدین غیر مشروط محبت، پیار اور دیکھ بھال کے ساتھ پرورش کرتے ہیں، میں تمام والدین کی انتھک کوششوں اور قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہوں اور شکریہ ادا کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ والدین کا اپنے بچوں کی بہتر زندگی کے لیے غیر متزلزل عزم خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے، والدین اللہ کریم کا سب سے قیمتی ترین انعام ہیں، اپنے والدین کی قدر اور احترام کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا اپنے پیغام میں مزید کہنا تھا کہ قران و سنت میں والدین کے درجات اورعزت و تکریم بیان کی گئی ہے، بڑھاپے میں والدین کی خصوصی دیکھ بھال اور اف تک نہ کہنے کی تلقین کی گئی ہے۔