صوبائی دارالحکومت لاہور کی ری ویمپنگ کیلئے 71 ارب کے فنڈز منظور

Published On 03 June,2024 12:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت لاہور کی ری ویمپنگ کیلئے خطیر رقم کی منظوری دے دی۔

لاہور شہر کا حلیہ تبدیل کرنے کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ری ویمپنگ پروگرام کے تحت 867 سکیموں کے لئے 71 ارب 66 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی منظوری دے دی ، ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کو مکمل ٹارگٹ سونپ دیا گیا۔

ری ویمپنگ پروگرام میں نکاسی آب، پختہ سڑکیں و گلیاں، سٹریٹ لائٹس، قبرستان و پارکس کی بحالی شامل ہے، لاہور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی 449 سکیموں کے لئے 58 ارب 90 کروڑکی منظوری دی گئی ہے جبکہ واسا کی 418 سکیموں کے لئے 12ارب 76 کروڑ کے فنڈز منظورکیے گئے ہیں۔

پہلے فیز میں لاہور کے چھ زونز کے لئے ترقیاتی فنڈز منظور کیے گئے ہیں، راوی زون کی 65 سکیموں کے لئے 8ارب 35کروڑ ،داتا گنج بخش زون کی 24 سکیموں کے لئے 3 ارب 67کروڑ جبکہ سمن آباد کی 9سکیموں کیلئے ایک ارب 25کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح نشتر زون کی 89 سکیموں کے لیے 12ارب، گلبرگ زون کی 10سکیموں کے لئے 85کروڑ، شالامار کی 22 سکیموں کے لئے 2 ارب 83 کروڑ، اقبال ٹاؤن کی 158سکیموں کے لئے 18ارب 52 کروڑ ،عزیز بھٹی زون کی 25 سکیموں کے لئے 3 ارب 91 کروڑاور واہگہ زون کی 47سکیموں کے لئے 7 ارب 56 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ "لاہور ری ویمپنگ پروگرام" کو مکمل کرنے کے لئے 10 ماہ کا وقت دیا گیا ہے، ری ویمپنگ پروگرام کے تحت سکیموں کو بہت جلد جامع پلان کے تحت شروع کروا دیا جائے گا۔