پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وفاق کا بجٹ آرہا ہے اس میں ہمیں لگا کہ ہمارے حق پر ڈاکہ مارا جا رہا ہے تو ہم اسلام اباد کی طرف مارچ کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا کے عوام پاکستان بننے سے اب تک قربانی دے رہے ہیں، فاٹا کے لوگ آتے ہیں اور ہم سے سوال کرتے ہیں کہ ہم سے وعدہ کیا تھا کیوں پورا نہیں کیا جا رہا، ہم ان کو کیا جواب دیں گے کیوں ان کا حق نہیں دیا جا رہا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر ہمیں فوراً سے پہلے ان کے پیسے نہ ملے تو پھر ردعمل کے لئے تیار رہیں، دہشت گردی کے خلاف ایک روپیہ نہیں دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈا پور کی 9 مئی حملوں سمیت 11 مقدمات میں ضمانت منظور
وزیر اعلیٰ کے پی نے کہا کہ احتجاج میں ہمارے ساتھ فاٹا کے عوام بھی ہوں گے، ہم ہیلتھ کارڈ کو بڑھا کر 20 لاکھ روپے تک لے کر جائیں گے، یقین دلاتا ہوں جو بجٹ تجاویز دی گئیں ان پر عملدرآمد کیا جائے گا، جو بجٹ ہم نے رکھا ہے اس سے زیادہ پیسہ ہمیں آنا ہے، پریشانی نہ لیں فیڈرل بجٹ کے بعد اس میں کمی نہیں آئی گی بلکہ زیادہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال کا تناسب دیکھا جائے تو گروتھ ایک فیصد تک پہنچ چکا ہے، ہمیں پیسے نہیں دیئے جا رہے تو بتایا جائے یہ پیسہ آخر کدھر جا رہا ہے، ہمیں پچھلے سال نوے ارب ملنے تھے جو صرف 60 ارب ملے ہیں، جب پیسے مانگتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ان کا رویہ صحیح نہیں، کرائے کے معاہدے کر کے ملک کو اس حال تک پہنچا دیا گیا ہے۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے بجٹ کو بڑھایا ہے، بہتر ہے مینڈیٹ چوری کرنے والے شہید ہونے کے بجائے خود ہی عزت سے چلے جائیں، بجٹ میں عوام کو ریلیف ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: صوبے کے شیئر پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، وفاق فنڈز جاری کرے: علی امین گنڈا پور
وزیراعلیٰ کے پی نے مزید کہا کہ پولیس کو 7 ارب روپے دیئے ہیں، مزید دیں گے، جو لوگ میرے صوبے کے لوگوں کو منشیات کے ذریعے مار رہے ہیں ان کے خلاف سزائے موت کا قانون پاس کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف ایسے کیسز بنائے گئے جن کا نہ سر ہے نہ پیر۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اس لئے پندرہ ارب رکھے گئے ہیں، ایک لاکھ لوگوں کو روزگار دیا جائے گا، اب ہم سولرائزیشن کی طرف جا رہے ہیں، پہلے مرحلے میں تعلیمی اداروں کو سولر پر ڈالا جائے گا۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ 156 سے 162 ایسے فیڈرز ہیں جہاں 22 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ایسے فیڈرز کو سولر ہر منتقل کریں گے تاکہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نکلیں، امن و امان کے حالات کو دیکھتے ہوئے ہم پولیس کو اپنے وسائل سے بھی پیسے دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جائے گی جس میں شہداء کی بیواؤں کو پانچ پانچ مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے، عوام سے پھر کہتا ہوں کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔