بلوچستان کی جامعات کے ملازموں کی تنخواہوں اور پنشن کیلئے 1 ارب سے زائد کی گرانٹ منظور

Published On 03 June,2024 09:35 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت نے صوبے کی جامعات کے استاتذہ سمیت ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے 1 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے بھجوائی گئی 1 ارب 40 کروڑ 93 لاکھ 25 ہزار روپے کی سمری کی منظوری دے دی گئی، گرانٹ کی منظوری سے صوبے کی جامعات کے ملازمین کو تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی ممکن ہوگی۔

جامعہ بلوچستان کے لئے 70کروڑ، بیوٹمز کے لئے 39 کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی، سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی کے لئے 10 کروڑاور لورالائی یونیورسٹی کے لئے 3 کروڑ 32 لاکھ 50 ہزارکی گرانٹ جاری کی گئی۔

لسبیلہ یونیورسٹی کے لئے 7 کروڑ 70 لاکھ اور تربت یونیورسٹی کے لئے 7 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار روپے کی گرانٹ جاری کردی، میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی کے لئے 3 کروڑ 18 لاکھ 7 ہزار روپے کی گرانٹ جاری کی گئی۔

گرانٹ صرف اور صرف تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لئے استعمال کی جاسکے گی۔