کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی میں یوم تکیبر کے حوالے سے تہنیتی قرارداد پیش کر دی گئی، قرارداد صوبائی وزیر عبدالرحمان کھیتران نے پیش کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا پاکستان نے 28 مئی 1998ء کو دنیا کی ساتویں اور عالم اسلام میں پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا، ایٹمی دھماکے سے پاکستانی قوم اور دنیا اسلام کا سرفخر سے بلند ہوا، یہ کارنامہ پاک افواج، سیاسی قیادت اور سائنس دانوں کی کاوشوں سے ممکن ہوا۔
قرارداد میں کہا گیا ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کی علاقائی سالمیت، آزادی اور خودمختاری کا تحفظ ممکن ہوا، پاکستان جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، بلوچستان اسمبلی میاں نوازشریف کو ایٹمی دھماکے کرانے پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا ملک کی سالمیت، ترقی اور دفاع کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، ملک کی سالمیت اور اداروں کے خلاف کی جانے والی اندرونی وبیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، پوری قوم اپنی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ملک عزیز کے لئے سکیورٹی فورسز کے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔