کوئٹہ : (دنیانیوز) بلوچستان کے 14 اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، مہم کے دوران 18لاکھ84 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔
کوآرڈینیٹرایمرجنسی آپریشن سینٹر زاہد شاہ کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم میں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، دکی، لسبیلہ اور خضدار 14 اضلاع شامل ہیں جبکہ حب، چاغی، ژوب، نوشکی، قلعہ سیف اللہ ، لورالائی اور مستونگ میں بھی آج سے پولیم مہم شروع ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 18 لاکھ 84 ہزار سے زائد بچوں کو اس 7 روزہ انسداد پولیو مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائےجائیں گے، جس میں 7 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ چھ اضلاع میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کے باعث مہم 5 روز کے لیے مؤخر ہے، ان اضلاع میں انسدادِ پولیو مہم 8 جون سےشروع ہو گی۔
کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے بتایا کہ نصیر آباد، سبی، جعفر آباد، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اور صحبت پور میں 8 جون سے پولیو مہم شروع ہو گی۔
بلوچستان میں رواں سال پولیو کے 3 کیسز قلعہ عبداللّٰہ، چمن اور ڈیرہ بگٹی سے رپورٹ ہوئے ہیں، انسدادِ پولیو مہم ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی پر شروع کی جا رہی ہے۔
سید زاہد شاہ کاکہنا ہے کہ رواں سال بلوچستان میں تین پولیوکے کیسز چمن، ڈیرہ بگٹی اور قلعہ عبداللہ سے رپورٹ ہوئے ہیں، پولیو مہم میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔