سندھ حکومت کا یونیسیف کے تعاون سے آؤٹ آف سکول چلڈرن ڈونرز کانفرنس کرانے کا فیصلہ

Published On 05 June,2024 07:02 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں محکمہ تعلیم سندھ اور یونیسیف کے اشتراک سے آؤٹ آف سکول چلڈرن کیلئے ڈونرز کانفرنس کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کانفرنس رواں سال ستمبر کے مہینے میں منعقد کی جائے گی، صوبائی وزیر سید سردارعلی شاہ سے یونیسیف کے وفد نے ملاقات کی، تین رکنی وفد میں یونیسیف کے کنٹری ریپریزینٹیٹو عبداللہ فادل، ایجوکیشن منیجر یونیسیف ابیر مقبول، ایجوکیشن سپیشلسٹ آصف ابرا نے بھی شرکت کی۔

سیکرٹری سکول ایجوکیشن سندھ زاہد علی عباسی اور چیف پروگرام آفیسر آر ایس یو ڈاکٹر جنید سموں بھی موجود تھے، یونیسیف کے اشتراک سے آؤٹ آف چلڈرن کیلئے ہونے والی ڈونرز کانفرنس میں تمام سٹیک ہولڈرز کو دعوت دی جائے گی۔

یونیسیف کے عبداللہ فادل نے کہا کہ سندھ نے آؤٹ آف سکول چلڈرن معاملے پر باقی صوبوں کے مقابلے میں مؤثر آواز اٹھائی ہے، صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نئے داخلوں اور سکول سے رہ جانے والے بچوں کو سکولوں میں واپس لے کر آنا ہماری پہلی ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی داخلے کے بعد بچے کے تعلیمی تسلسل کو قائم رکھنے سے ہوگی، آؤٹ آف چلڈرن سکول کی تعداد کو کم کرنے کے حوالے سے اقدامات کی ضرورت ہے، نان فارمل ایجوکیشن، پرائمری سکولز کی اپ گریڈیشن اور بچیوں کی ٹراسپورٹیشن سہولت اقدامات سے آؤٹ آف سکول مسئلے سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔