گیس سلنڈر دھماکے: ایل پی جی دکانوں بارے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ

Published On 03 June,2024 05:56 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد میں گیس سلنڈر دھماکے کے بعد ایل پی جی کی دکانوں کو سیل کرنے کے معاملہ پر ڈپٹی کمشنر حیدر آباد کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شہر میں ایل پی جی کی دکانوں کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے کہا کہ سیل کی جانے والی 93 دکانوں کی سیل انتظامیہ کی اجازت کے بغیر نہیں کھولی جائیں گی، دکانوں کی اسسٹنٹ کمشنر و دیگر متعلقہ اداروں کے افسران کی نگرانی میں انسپکشن کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فلنگ سٹیشنز کو اوگرا کی گائیڈ لائنز کے مطابق شہری علاقوں سے باہر منتقل کیا جائے گا، اوگرا کی ایس او پیز کے تحت نئی این او سیز جاری کی جائیں گی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں گیس لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ایل پی جی کو اس کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے، چاہتے ہیں کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو زیادہ سے زیادہ پریشانی سے بچایا جا سکے۔