کراچی :(دنیا نیوز) بدترین لوڈ شیڈنگ اورمہنگی بجلی کے ستائے ہوئے سندھ کے شہریوں کے لئے اچھی خبر، 100 یونٹ تک کے صارفین کو مفت بجلی دینے کا پلان تیار ہوگیا ۔
وفاقی وزیر سندھ توانائی ناصر شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سولر پارک اور منی گرڈ سٹیشن سے پہلے مرحلے میں عوام کو 100 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے، حکومت نے بجٹ میں سولر انرجی اور منی گرڈ کے لئے رقم مختص کردی،سندھ حکومت بجٹ میں سولر انرجی کیلئے ابتدائی طور پر 5 ارب روپے رکھے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی سکیم لارہے ہیں، غریب اور متوسط طبقے کو 2 لاکھ سولر پینلز دیئے جائیں گے، سولر پینلز کی قیمت کا 80 فیصد حکومت اور صرف 20 فیصد عوام سے لیا جائے گا۔
صوبائی وزیر سندھ توانائی کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں 5 لاکھ ایسے گھر ہیں جہاں سرے سے بجلی ہی موجود نہیں، کراچی سمیت سندھ میں سولر پارک اور منی گرڈ سٹیشن لگائیں گے۔