حیدر آباد، جامشورو: (دنیا نیوز) گرمی کی شدت میں اضافہ جان لیوا ثابت ہونے لگا، شدید گرمی کے باعث حیدر آباد میں تین روز کے دوران 2 پولیس اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ جامشورو میں گرمی سے نڈھال دو بھائی جاں بحق ہو گئے۔
حیدر آباد کی مقامی عدالت میں تعینات اہلکار رضوان شیخ گرمی کے سبب انتقال کر گیا، دو روز قبل قاسم آباد تھانے کا اے ایس آئی بھی گرمی سے متاثر ہوکر چل بسا تھا۔
پولیس نے اے ایس آئی کی موت ہارٹ اٹیک قرار دی تھی، پولیس کے اعلیٰ افسران نے جوانوں کو گرمی سے بچانے کا کوئی بندوبست نہیں کیا، ترجمان پولیس کے مطابق رضوان کی موت ہیٹ سٹروک کے سبب نہیں ہوئی، گزشتہ رات انتقال ہوا۔
دوسری جانب تعلقہ مانجھند کے علاقے گوٹھ داد محمد کھوسو کے رہائشی دو کمسن بھائی 10 سالہ راشد گبول اور 12 سالہ علی شیر گبول گرمی کی شدت برداشت نہ کرتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔
والد کے مطابق دونوں بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے کہ اچانک بے ہوش ہو گئے، دونوں کو بچوں کو تعلقہ ہسپتال مانجھند منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ہیٹ ویو کے باعث بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دونوں بچوں کی موت گرم ہوا لگنے کے سبب حالت غیر ہونے پر ہوئی، پانی کی کمی بھی ہو سکتی ہے مزید تفصیل پوسٹ مارٹم کے بعد ہی بتائی جا سکتی ہے۔