کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور حیدر آباد میں پولیس کی کارروائیوں کے دوران 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہری زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار نور محمد گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے شہری کو گولیاں مار دیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، زخمی شخص کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، متاثرہ شخص کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے ضلع ویسٹ میں پولیس نے جرائم پیشہ اور منشیات فروشوں کیخلاف مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا، اس دوران 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، گرفتار ہونے والوں میں مطلوب ملزم سے منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے مچھر کالونی میں کارروائی کر کے چوری کے سامان کی خرید و فروخت میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کی شناخت غلام فرید کے نام سے ہوئی، ملزم کی دکان سے بڑی تعداد میں چوری شدہ سامان، سپیئر پارٹس، موٹریں، جیک و پانے وغیرہ برآمد ہوئے۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق برآمد سامان میں 7 عدد جیک، ویل پانے، گاڑی اور پانی کی موٹریں، 2 عدد موٹرسائیکل اور ایک عدد سوزوکی ٹائر، موٹرسائیکل کی ٹینکیاں، موٹرسائیکل کے سپیئر پارٹس اور 25 عدد لوہے کے پائپ شامل ہیں، گرفتار ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کر دی۔
دوسری جانب حیدر آباد کے علاقے ریلوے ریسٹ ہاؤس کے قریب پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا، گرفتار ملزم کی شناخت امجد سولنگی کے نام سے ہوئی ہے۔