حیدرآباد :(دنیا نیوز) حیدرآباد کے علاقے پریٹ آباد کی دکان میں سلنڈر دھماکہ سے 25سے زائد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس نے دکان کے اوپر گھر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ، جنہوں نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، دھماکے اس قدر خوفناک تھا کہ اس سے اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں ، دوسری جانب دھماکے سے زخمیوں کی تعداد بڑھنے اور ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایس ایس پی حیدرآباد ڈاکٹر فرخ لنجارنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلنڈر دھماکے میں 25 افراد کو ہسپتال لایا گیا ہے، زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک ہے، غیر قانونی سلنڈر کی دکانوں کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی،غیرقانونی سلنڈر چلتے پھرتے بم ہیں ،ڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے بھی اس حوالے سے بات کروں گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر سلنڈر دھماکہ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ، تحقیقات میں ہی اصل وجوہات کا تعین ہوگا۔