کراچی: (دنیا نیوز) عہدے سے ہٹائے جانے والے چیئرمین اینٹی کرپشن کے الزامات پر ترجمان وزیر اینٹی کرپشن سندھ نے ردعمل میں کہا کہ عہدے سے ہٹائے جانے والے چیئرمین اینٹی کرپشن فرحت جونیجو کے الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
ترجمان وزیر اینٹی کرپشن نے کہا کہ جب سندھ حکومت نے فرحت جونیجو کا تبادلہ کردیا تو الزامات لگانا شروع کردیئے، فرحت جونیجو جب عہدے پر تھے تو تب یہ بیان کیوں نہیں دیا؟ سرکل افسران کے تقرر و تبادلے ہوتے رہتے ہیں، سینئر افسر کے ایسے غلط بیان پر افسوس ہوا، اس کی تحقیقات کرائی جائے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ فرحت جونیجو نے کوئی خط صوبائی وزیر کو لکھا ہے اور نہ ہی آفس کو موصول ہوا ہے، سینئر افسر کے اس قسم کے الزامات لگانا مس کنڈکٹ میں آتا ہے، فرحت جونیجو پچھلے دو ماہ میں محکمہ کے لئے قانون سازی اور نہ ہی کوئی بہتری کے لئے اقدامات کر سکے تھے، محکمہ اینٹی کرپشن کی بہتری کے لئے جو حدف دیا گیا تھا اس پر بھی کوئی خاطر خواہ نتائج نہ دے سکے۔
ترجمان کے مطابق سینئر افسر ہوکر اس قسم کی حرکت کرنے سے فرحت جونیجو کی اہلیت اور دماغی حالت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے، ٹرانسفر پوسٹنگ ہوتی رہتی ہیں پہلے بھی ان کا تبادلہ ہوا تھا، اس کا کوئی پہلی بار تبادلہ نہیں ہوا۔