وزیراعلیٰ سندھ کا محکمہ ریونیو کو ٹیکس ہدف ہرصورت پورا کرنے کا حکم

Published On 01 June,2024 04:58 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ کی زیرصدارت ریسورس موبلائزیشن سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، ایس ایم بی آر بقاء اللہ انڑ، سیکرٹری خزانہ فیاض جتوئی، چیئرمین ایس آر بی آصف میمن، سیکرٹری ایکسائز سلیم راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی ریونیو محکمے اپنا ٹیکس ہدف پورا کریں، ہم صوبائی معیشت بہتر کرکے ترقیاتی کاموں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں، ریونیو بورڈ کا سال 24-2023 کا ریونیو ہدف 235 بلین روپے ہے، گزشتہ دوسالوں میں ایس آر بی نے اپنے ہدف سے زیادہ وصولیاں کی ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے امید ہے ایس آر بی اپنا ہدف پورا کرے گی، وزیر ایکسائز شرجیل میمن نے کہا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا ریونیو کلکشن ٹارگٹ 143.27 بلین روپے ہے، ٹارگٹ پورا کرنے کے لئے ہم نے سخت محنت کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ ایکسائز بھی اپنا ٹارگٹ پورا کرے گا، بورڈ آف ریونیو کا ٹارگٹ 55.21 بلین روپے ہے، وصولی ہدف کو ہر حال میں پورا کیا جائے، نئے سال میں صوبائی ٹیکس اور لیویز کو بہتر کریں گے، ٹیکس نیٹ کو بہتر کرنا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آر بی کو نئے سال میں سیلز ٹیکس دینے والوں کو ریلیف دینے کی بھی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے، سرمایہ کاری میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں گے۔