بجلی کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرنے کیلئے راہ ہموار، ایکٹ 2023ء میں ترامیم کا فیصلہ

Published On 06 June,2024 05:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بجلی کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرنے کے لئے راہ ہموار ہوگئی، سرکاری ملکیتی اداروں سے متعلق ایکٹ2023ء میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے اس سلسلے میں ایس او ای آرڈریننس 2024ء لانے کا فیصلہ کر لیا، وفاقی کابینہ نے آرڈیننس کے لئے وزارت قانون و انصاف کی سمری منظور کرلی، آرڈیننس کا اطلاق بجلی تقسیم کار کمپنیوں سمیت تمام سرکاری ملکیتی اداروں کے بورڈز پر ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ آرڈیننس کے ذریعے بورڈز کی تحلیل میں حائل قانونی رکاوٹیں، پیچیدگیاں دورہوں گی، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بورڈز تحلیل کرکے نئے بورڈز تشکیل دیئے جائیں گے، بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز کی کارکردگی غیرتسلی بخش ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق تمام بجلی کمپنیوں میں انڈیپنڈنٹ ڈائریکٹرز تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں پروفیشنلز کو تعینات کیا جائے گا، وزیراعظم نے کمپنیوں کے بورڈ ارکان کے لئے سمری کابینہ میں پیش کرنے کی اجازت دی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے سیپکو اورحیسکو کے بورڈز کی تشکیل نو کا معاملہ کابینہ میں پیش کرنے سے روک دیا تھا۔