190ملین پاؤنڈ ریفرنس : عمران کے وکلا نے نئے جج کی تعیناتی پر اعتراض اٹھا دیا

Published On 07 June,2024 02:28 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کردی گئی۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے کیس کی سماعت کی، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے،عمران خان کی جانب سے وکیل ظہیر عباس چودھری، سلمان صفدر اور انتظار پنجوتھا پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکلاء صفائی کی جانب سے احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کی تعیناتی پر اعتراض عائد کر دیا گیا۔

وکلا صفائی کا اپنے دلائل میں کہنا تھا کہ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن مکمل نہیں ہے ، احتساب عدالت کے جج کی تعیناتی ہائی کورٹ کے جسٹس کا اختیار ہے، احتساب عدالت نمبر دو کا جج عدالت نمبر ایک کے مقدمات نہیں سن سکتا۔

دوران سماعت نیب ٹیم کی جانب سے چار گواہان کو بیانات قلمبند کروانے کے لیے پیش کیا گیا تھا، جج کی تعیناتی پر اعتراض عائد ہونے کے باعث سماعت کے دوران کارروائی مکمل نہ ہو سکی، احتساب عدالت کے جج نے اعتراضات پر فیصلہ محفوظ کر لیا، جج کے اعتراض پر فیصلہ 11 جون کو سنایا جائے گا۔