ریاست مخالف ٹویٹ، عمران سے تفتیش کے بعد ایف آئی اے ٹیم روانہ

Published On 07 June,2024 05:00 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کے آفیشل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے ریاست مخالف پوسٹ کے معاملے پرعمران خان سے تفتیش کے بعد ایف آئی اے کی ٹیم واپس روانہ ہوگئی۔

جیل ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم  نے بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں ایک گھنٹہ تفتیش کی،  بانی پی ٹی آئی اپنے وکلاء چودھری ظہیر عباس، انتظار پنجوتھا کی موجودگی میں شامل تفتیش ہو ئے،ٹیم نے عمران خان سے 16سوالات کئے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ایف آئی اے ٹیم  نے عمران خان کو ان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے پوسٹ دکھانے کے بعد سوالات پوچھنے کا آغاز کیا، بانی پی ٹی آئی نے اپنے وکلاء کی موجودگی میں سوالوں کے جوابات دیئے، تفتیشی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے ایاز احمد اور سب انسپکٹر منیب شامل تھے۔

واضح رہے  ایف آئی اے ٹیم بانی پی ٹی آئی سے ان کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ ہینڈل سے ریاست مخالف ویڈیو کی تشہیر کے سلسلے میں اڈیالہ جیل تفتیش کے لیے پہنچی تھی۔