روڈا پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے چین و دیگر بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کا فیصلہ

Published On 07 June,2024 03:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) راوی اربن ڈویلپمنٹ (روڈا) پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے چین اور دیگر بین الاقوامی اداروں سے اشتراک کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر محمد نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سی ای او روڈا عمران امین نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے روڈا ایریا میں ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، اجلاس میں روڈا پراجیکٹ ٹوئن سٹی میں بین الاقوامی سطح کا ایئر پورٹ بنانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران روڈا میں فاریسٹ ایریا 20 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد کرنے کا اصولی فیصلہ جبکہ روڈا میں دریائے راوی کی صفائی اور دریا کا پاٹ ہزار میٹر سے زائد چوڑا رکھنے پر اتفاق ہوا۔

مریم نواز نے روڈا فاریسٹ ایریا میں تعمیرات پر پابندی کے قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی اور روڈا ایریا میں اراضی کی غیر قانونی خریدوفروخت روکنے کا حکم دیا۔

اجلاس میں روڈا کی اراضی پر تجاوزات روکنے کیلئے سپیشل پولیس فورس قائم کرنے کا جائزہ بھی لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی تمام پراجیکٹس میں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ 2013 میں راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا پلان بنایا مگر بعد میں آنے والوں نے رکاوٹیں کھڑی کیں، لاہور کے فیوچر پراجیکٹ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔