ریاض: (دنیا نیوز) وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین حج انتظامات کا جائزہ لینے سعودی عرب پہنچ گئے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق چودھری سالک حسین آج مکہ مکرمہ میں منعقدہ حج سمپوزیم میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، سرکاری سکیم کیلئے پری حج فلائٹ آپریشن کامیابی کے ساتھ آج اختتام پذیر ہوگیا ہے۔
اسلام آباد سے آنے والی سعودی ایئر کی پرواز نمبر3727 کے ذریعے 380 عازمین کرام جدہ ایئر پورٹ لینڈ کر گئے، نجی حج سکیم کے ذریعے 70 ہزار عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے، اگلے دو روز میں مزید 20 ہزار پرائیویٹ عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی مکاتب کی جانب سے منیٰ اور عرفات میں عازمینِ حج کے 5 روزہ قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، عازمینِ حج کی وادیِ منیٰ کیلئے روانگی کا آغاز 13 اور 14 جون کی درمیانی شب ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پاکستان حج مشن نے وادیِ منیٰ میں عازمینِ حج کی سہولت کیلئے کیمپ آفس قائم کر دیا ہے، کیمپ آفس میں شعبہ معلومات و رہنمائی، شکایات، امراض و اموات قائم کئے جائیں گے۔
وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور وفاقی سیکرٹری ذوالفقار حیدر حج آپریشن کی براہ راست نگرانی کریں گے۔