اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ افسوس ہے کل لکی مروت میں فوجی قافلے پر حملہ ہوا، ہمارے جوان شہید ہوئے ہیں، ہم شہدا کے لئے دعا کرتے ہیں۔
اسد قیصر و دیگر پی ٹی آئی ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں، جن کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، خیبرپختونخوا کے 91 پراجیکٹ وفاقی حکومت نے نکال دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سمال ڈیمز سمیت کالجز، یونیورسٹیز سمیت دیگر پراجیکٹ کو بجٹ سے نکال دیا گیا ہے، ہم آج احتجاجاً آئے ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ جو سکیمیں نکالی گئی ہیں انہیں شامل کیا جائے۔
سابق سپیکر نے کہا کہ صوبے کی ترقی کے لئے یہ بہت ضروری ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ جو 91 منصوبے نکالے گئے ہیں ان کو دوبارہ شامل کیا جائے، جو تین فیصد دینے کا وعدہ کیا تھا وہ بھی مکمل کئے جائیں، تحریک انصاف کو مینڈیٹ ملنے کا انتقام لیا جا رہا ہے۔