اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پیپلزپارٹی نے گندم کی درآمد کا معاملہ اٹھا دیا۔
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے معاملہ ایوان میں اٹھایا، انہوں نے کہاکہ بتایا جائے کیسے گندم کو امپورٹ کرکے پھر آٹا ایکسپورٹ کیا جارہا ہے۔
وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ گزشتہ سال فیصلہ ہوا تھا کہ ٹی سی پی نہیں پبلک سیکٹر گندم امپورٹ کرے گا، سحر کامران نے کہاکہ ٹی سی پی کا اصل کام یہ ہے کہ جب حکومت مینڈیٹ دے تو ہی امپورٹ ہوسکتی ہے، جام کمال نے کہا کہ وزارت کا کوئی ایسا فیصلہ نہیں ہے وہ گندم منگوا کر آٹے کو ایکسپورٹ کرے۔
آغا رفیع اللہ نے سوال کیا کہ سنا ہے کہ گندم کے بعد چینی بھی برآمد کرنے جارہے ہیں، جام کمال نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کے حوالے سے فیصلہ شوگر ایڈوائزری بورڈ کرتا ہے، فی الحال معاملہ صرف سننے سنانے تک ہے، کوئی حقیقت نہیں۔