اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی اجلاس میں وفاقی نظامت تعلیم کے تحت تعلیمی اداروں میں سہولیات کے فقدان پر توجہ دلاؤ نوٹس ایوان میں پیش کیا گیا۔
توجہ دلاؤ نوٹس نزہت صادق نے ایوان میں پیش کیا، خالد مقبول صدیقی نے بتایا کہ 975 اساتذہ کی کمی ہے، پرائمری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے اساتذہ کے انٹرویوز جاری ہیں۔
نزہت صادق کا کہنا تھا کہ صرف اسلام آباد میں 83000 بچے سکولوں سے باہر ہیں، وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ سکول سے باہر بچوں کے حوالے سے اعداد و شمار بہت پریشان کن ہیں، اس وقت تقریباً اڑھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایجوکیشن ایمرجنسی پر عالمی دنیا اور اداروں کی مدد لی جا رہی ہے، پرائمری سکولوں میں بچوں کو ناشتہ دینے کا تجربہ کامیاب رہا ہے، ناشتہ دینے کے تجربے کے بعد حاضری 80 فیصد ہو گئی ہے۔