لاہور: (دنیا نیوز) یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب میں دوسری انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کا آغاز ہو گیا۔
یو سی پی میں دوسری انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس کے ابتدائی سیشن میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سیمینار کا انعقاد یو سی پی آڈیٹوریم میں "میڈیا ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل پریکٹسز ان ڈیجیٹل ایج" کے عنوان سے کیا گیا۔
سیمینار کی صدارت پرو ریکٹر یو سی پی ڈاکٹر پروفیسر ہادیہ اعوان نے کی جس میں ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز فواد بیگ، سینئر صحافی و تجزیہ نگار سہیل وڑائچ، ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونی کیشن سٹڈیز بی این یو بشریٰ حمید الرحمان، اینکر پرسن اجمل جامی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اجوکا تھیٹر شاہد ندیم نے شرکت کی۔
ابتدائی سیشن میں برطانیہ کی کارڈف یونیورسٹی کے پروفیسر سٹوارٹ ایلن اور امریکی مشی گن یونیورسٹی کے پروفیسر سکاٹ کیمپ بیل بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
پروریکٹر یو سی پی پروفیسر ڈاکٹر ہادیہ اعوان کا کہنا تھا پہلے یونیورسٹیز میں صرف اکیڈمک سرگرمیوں پر زور دیا جاتا تھا لیکن اب وقت کے ساتھ پریکٹیشنرز کو شامل کرکے پریکٹیکل پر بھی ساتھ شامل کیا جا رہا ہے کیونکہ اکیڈمک اور پریکٹیکل کو الگ الگ نہیں کیا جا سکتا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونی کیشن سٹڈیز بی این یو بشریٰ حمید الرحمان نے وقت کے ساتھ میڈیا کے بدلتے رجحانات کے ساتھ ساتھ پڑھانے کے طریقہ کار پر زور دیا۔
سینئر صحافی سہیل وڑائچ نے بہتر کانٹینٹ بنانے کی اہمیت پر زور دیا، برطانیہ کی کاڈف یونیورسٹی کے پروفیسر سٹوارٹ ایلن نے وقت کے ساتھ ساتھ آرٹیفشل انٹیلی جنس کے ذریعے فوٹو جرنلزم کے بدلتے طریقے کار پر روشنی ڈالی جبکہ اجمل جامی اور شاہد ندیم نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ڈین سکول آف میڈیا اینڈ کمیونی کیشن سٹڈیز فواد بیگ کا کہنا تھا کہ آج کے سیمینار کا مقصد ڈیجیٹل ایج کے میڈیا کا تفصیلی جائزہ لینا اور اس پر عبور حاصل کرنے کی کوشش کرنا ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت اور اس کا استعمال بڑھتا چلا جا رہا ہے، اگر پاکستان دوسری دنیا کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے تو اسے بھی ڈیجیٹل ایج پر عبور حاصل کرنا ہوگا۔
سیمینار کے بعد مختلف سیشنز ہوئے جن میں طلباء و طلبات کی جانب سے ریسرچ پیپرز پریزنٹ کئے گئے۔