کراچی: گرمی کے باعث ملتوی ہونیوالے میٹرک کے امتحانات دوبارہ شروع

Published On 29 May,2024 09:13 am

کراچی: (دنیا نیوز) گرمی کے باعث ملتوی ہونے والے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت میٹرک کے امتحانات آج سے پھر شروع ہو گئے۔

شہر میں صبح کی شفٹ میں دسویں جماعت سائنس گروپ کا سندھی کا پرچہ ہے جبکہ دوپہر کی شفٹ میں نویں جماعت جنرل گروپ کا جیومیٹریکل اینڈ ٹیکنیکل ڈرائنگ کا پرچہ ہو گا۔

نویں جماعت جنرل گروپ کا ماڈرن اینڈ آرٹ ڈرائنگ کا امتحان بھی دوپہر میں ہو گا۔

دسویں جماعت سائنس گروپ کے ایک لاکھ 60 ہزار 842 طلبہ امتحان دیں گے جبکہ نویں جماعت جنرل گروپ کے 16 ہزار سے زائد طلبہ امتحان دیں گے، کراچی میں طلباء و طالبات کے لیے مجموعی طور پر 505 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے 21 سے 27 مئی کے درمیان کراچی میں میٹرک کے ہونے والے امتحانات ملتوی کیے گئے تھے۔