سکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کیخلاف اساتذہ نے تحریک شروع کر دی

Published On 29 May,2024 06:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اساتذہ نے 13 ہزار سکولوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کر دی۔

13 ہزار سکولوں کو پیف کے حوالے کرنے کے خلاف ایکشن کمیٹی پنجاب کے زیر اہتمام شدید گرمی کے باوجود سینکڑوں اساتذہ نے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کیا اور خوب نعرے بازی کی۔

ایکشن کمیٹی اساتذہ پنجاب کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت تعلیمی اداروں کی پیف کو حوالگی کا فیصلہ واپس لے، تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو فوری پورا کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی بورڈ میں نئی تاریخ رقم: اتوار کے روز میٹرک کے امتحانات لینے کا اعلان

احتجاج میں شریک اساتذہ نے کہا کہ تنخواہوں اور الاؤنسز میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے، لیو انکیشمنٹ رولز میں کی گئی ظالمانہ ترامیم واپس لی جائیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پنجاب بھر اور پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے احتجاج کریں گے۔

اساتذہ نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سامنے جا کر احتجاج ختم کیا اور جلد دوبارہ احتجاج کرنے کا اعلان کیا۔