اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹراعجاز چودھری کا پروڈکشن آرڈرجاری کیا جائے۔
سینیٹر شبلی فراز کا سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہتک عزت بل ایک فاشسٹ مائنڈ سیٹ کی عکاسی کرتا ہے، ہتک عزت بل کے ذریعے صحافیوں پر قدغن لگا دی گئی، موجودہ حکومت کی جمہوری نہیں ڈکٹیٹروں والی سوچ ہے، ہتک عزت بل میں پیپلزپارٹی نے سہولت کاری کی۔
شبلی فراز نے کہا کہ پیپلزپارٹی والے سمجھتے ہیں شاید لوگ گھاس کھاتے ہیں، پیپلزپارٹی شریک جرم ہے، پیپلزپارٹی کے بغیر ہتک عزت بل منظور نہیں ہوسکتا تھا، اسلام آباد کی تین سیٹوں پر دھاندلی کرکےنتائج تبدیل کئے گئے، ٹریبونلز کے ججز کو بھونڈے طریقے سے تبدیل کیا جارہا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فارم47 کی پیداوار کی منشا پر تینوں ٹریبونلز کے ججز کو تبدیل کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا رول قابل مذمت ہے، الیکشن کمیشن فریق نہ بنےانصاف فراہم کرے۔
شبلی فراز کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ناانصافی ہو رہی ہے، ظلم کے میٹر کو تیز کرنے کے بجائے ملک کا خیال کریں، جو کچھ کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہوا ثابت ہوگیا آپ لوگ کچھ نہیں سنبھال سکتے، اگر پاکستان بھارت سے جیت جاتا تو لوگوں کو ایک دن کی خوشی مل جاتی۔
انہوں نے کہا کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے اس حکومت کی ناک کے نیچے ہورہا ہے، ملک میں امن اور قانون ہوگا تو سرمایہ کاری آئے گی، جس کو چاہا مرضی سے اٹھا لیا، ماردیا، ایسا تو لاطینی امریکا میں بھی ماحول نہیں ہوتا، لکی مروت میں افواج پاکستان کےجوان شہید ہوئے، جس پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔