اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیشن عدالت اسلام آباد نے عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف اپیلوں پر سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔
سیشن عدالت کے جج افضل کامجو نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی عدت نکاح کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے اور سزا معطلی کے مقدمے کی سماعت کی، شکایت کنندہ خاور مانیکا سکیورٹی حصار میں عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت خاور مانیکا نے اپنی قانونی ٹیم کو تبدیل کرنے کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کر دیا، اس سے قبل راجہ رضوان عباسی شکایت کنندہ خاور مانیکا کے وکیل تھے۔
جج افضل کامجو نے ریمارکس دیئے کہ ابھی تک جلد سماعت کی درخواست آئی ہے، اپیلوں پر سماعت شروع نہیں ہوئی۔
اس پر خاور مانیکا نے بتایا کہ میرا ایک مسئلہ ہے، میرے وکیل رضوان عباسی بہترین اور قابل وکیل ہیں، ان کی مصروفیات بہت ہیں، رضوان عباسی نے معذرت کی ہے، اس لئے میں اپنی قانونی ٹیم تبدیل کرنا چاہتا ہوں، میرے پاس 2، 3 آپشنز ہیں، ایک لاہور سے وکیل ہیں، میری عدالت سے استدعا ہے کہ ہمیں وقت دیا جائے۔
جج افضل مجوکا نے استفسار کیا کہ آپ کو کتنے دن چاہئیں؟ جس پر خاور مانیکا نے بتایا کہ کم سے کم ایک ہفتہ چاہیے، میں لاہور جاؤں گا وکیل سے مشاورت کروں گا، اس پر جج نے کہا کہ آپ کی ایک ہفتے کی درخواست ہے، آپ چلے جائیں، بعد میں کسی سے کیس کی آئندہ تاریخ پتہ کر لیں۔
بعدازاں خاور مانیکا عدالت میں حاضری لگانے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی درخواستوں پر آج سماعت ہے، ہائیکورٹ میں سماعت کے بعد سیشن کورٹ میں سماعت رکھی جائے۔
عدالت نے پی ٹی آئی وکیل کی استدعا پر کیس کی سماعت میں 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر پی ٹی آئی کے وکیل سردار مصروف ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا معطلی کی درخواستوں پر 13 جون کیلئے نوٹس ہوئے ہیں، انہوں نے استدعا کی کیس کی سماعت پرسوں تک ملتوی کر دی جائے۔
بعد ازاں عدالت نے سردار مصروف ایڈووکیٹ کی استدعا پر کیس کی سماعت 13 جون تک ملتوی کر دی۔