کراچی : (دنیانیوز) کراچی شرقی کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے بچوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجنے اور سمگلنگ کے کیس میں سماجی کارکن صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
صارم برنی کے خلاف انسانی سمگلنگ اور دھوکا دہی کے کیس کی سماعت ہوئی۔
سٹی کورٹ میں دوران سماعت پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم صارم برنی ہر جگہ جھوٹ بول رہا ہے، ملزم نے کہا تھا کہ حیا نامی بچی کے والدین اسے خود چھوڑ کر گئے تھے جبکہ حیا کی والدہ کا بیان ہے کہ میں اپنی بچی کو لینے گئی تو صارم برنی نے مجھے بھگا دیا۔
پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش کرنی ہے اس لیے ضمانت منظور نہ کی جائے، ملزم پر 20 سے زائد بچوں کی سمگلنگ کا الزام ہے۔
عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ، بعدازاں عدالت نے ایف آئی پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے صارم برنی کی درخواست ضمانت مسترد کردی ۔
یہ بھی پڑھیں:جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، صارم برنی عدالتی ریمانڈ پرجیل منتقل
گزشتہ سماعت میں بچوں کی سمگلنگ کے الزام میں سماجی کارکن صارم برنی کودو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت پیش کیا گیا تھا ، عدالت نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے صارم برنی کو عدالتی ریمانڈ پرجیل بھیج دیا تھا۔
واضح رہے کہ کچھ روزقبل ایف آئی اے کی اینٹی ہیومن اینڈ ٹریفکنگ ٹیم نے سماجی رہنما صارم برنی کو کراچی ایئرپورٹ سے حراست میں لیا تھا۔